اچھا اخلاق | Achha Akhlaq

اسلام کی تمام تر تعلیم کا لب لباب اگر ایک لفظ میں بیان کیا جائے تو وہ لفظ صرف اخلاق ہے۔ تمام اچھے اخلاق کا خلاصہ دوسروں کو تکلیف نہ دینا ہے ۔ شجر علم کا اولین پھل حسن اخلاق ہے۔ انسان اخلاق سے بنتا ہے- علم اور صلاحیت سے دنیا مسخر ہوتی ہے لیکن دلوں کی تسخیر کے لیے خوش اخلاقی کا ہونا بہت ضروری ہے ۔ انسان اپنے اچھے لباس سے نہیں بلکہ اچھے اخلاق سے پہچانا جاتا ہے- اپنے کردار کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے- تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے بہترین اخلاق ، مظبوط ایمان اور اعلیٰ کردار کا مظاہرہ کیا ، وہ دوسری قوموں کے مقابلے میں سربلند اور غالب ہوئیں ، اور جن قوموں نے بد اخلاقی ، ناکارہ سیرت اور کفر کا نمونہ پیش کیا ، وہ دنیا میں ذلیل و خوار اور محکوم ہو گئیں ۔ حتیٰ کہ صفحہِ ہستی سے ہی مٹا دی گئیں ۔ حکماء و علماء کے نزدیک اخلاق ہر چیز پر مقدم ہے ۔ اچھا انسان وہ ہے جو عقلی ، اخلاقی ، جسمانی ، روحانی اور عملی تمام برکتوں سے بہرہ ور ہو ۔ خوش اخلاق انسان کو دین و دنیا میں کامیابی و کامرانی ملتی ہے اور انسان خدا کی نظر میں محبوب ہوتا ہے ۔ حضور ﷺکا ارشاد مبارک ہے کہ" اچھے اور بہترین اخلاق جنت کے اعمال میں سے ہیں" ۔ حضورﷺکی پوری زندگی قرآن مجید کی عملی تفسیر تھی ، اس کے باوجود حضور ﷺ کے تمام اعمال میں اللہ تعالیٰ نے صرف ان کے اخلاق کی تعریف فرمائی ہے ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے ☆ وَ اِنَّکَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِيْمٍ • ☆ ’’ اور بے شک آپ عظیم الشان خُلق پر قائم ہیں( یعنی آدابِ قرآنی سے مزيّن اور اَخلاقِ اِلٰہیہ سے متّصِف ہیں) ‘‘ ۔ القلم ، 68 4)۔ ایمان اور اخلاق کا اچھا ہونا محبت الہٰی کی دلیل ہے ۔ اخلاق ایک ایسا ہیرا ہے جو پتھر کو بھی کاٹ دیتا ہے ۔ کسی کی دل شکنی کے بعد دل جوئی کے ہزار طریقے اختیار کر لیے جائیں تو بھی اس کا اثر زائل کرنا مشکل ہوتا ہے۔ ایک تاجر سے کسی نے پوچھا کہ آپ کو تجارت کا بہت تجربہ ہے یہ بتائیے کہ تجارت میں کامیابی کا راز کیا ہے ؟ تاجر نے جواب دیا ’’ میٹھی زبان ، اچھا سلوک اور پختہ ایمان ‘‘ ۔ اچھا اخلاق انسان کو زندگی میں ہمیشہ محترم اورمقبول بناتا ہے ، اچھے اخلاق سے اللہ و رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے اور اچھے اخلاق میں بڑی طاقت ہوتی ہےجسے اختیار کرکے ایک انسان بڑے سے بڑے دشمن پر بھی فتح حاصل کرسکتا ہے ۔ اس لیے ہم سب کے اوپر لازم ہے کہ دوست اور دشمن سب کےساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں اور اپنے کرداروگفتارسے اچھےاخلاق کی تعلیم عام کریں ۔

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.